اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ سے چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ نے حلقہ این اے 46 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئے۔چوہدری شفیق الرحمان مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کے ضلعی عہدیداران اور پارٹی کارکنوں کے ہمراہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے آر او آفس پہنچے۔ ان کے ہمراہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کے رہنما یاسر عرفات بٹ، انعام الرحمان، محمد شوکت سلفی، میاں عمران، میڈیا کوآرڈینیٹر نوید احمد سمیت حلقے این اے 46 کے علاقہ معززین کی کثیر تعداد موجود تھی، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ کا کہنا تھا کہ میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی قیادت کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے این 46 سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا امیدوارنامزد کیا،این اے 46 کے اندر ہماری مہم جاری ہے، زور و شور سے ہماری مہم چلنے کی وجہ ہماری عوامی خدمت کا ماضی ہے،عوام کی قبولیت اور مقبولیت کی وجہ سے این اے 46 میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ پہلے نمبر پر ہوگی،08 فروری کو ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ یہ الیکشن فری اینڈفیئرہوگا، اسلام آباد کی 42 یوسیز میں ہم گئے سب نے کہا کہ پانی کا مسئلہ ہے،ترنول سے گولڑہ تک تمام یوسیز میں صفائی کے مسائل ہیں،این اے 46کے حلقے میں سڑکوں انفراسٹرکچر، صحت سہولیات کی کمی بھی دیکھی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں انتخابات سے قبل کبھی کسی کی کبھی کسی کی ہوائیں چلتی ہیں،پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا خدمت کی بنیاد پر عوام کے ساتھ ایک لمبا تعلق ہے،حلقے میں عوامی خدمت کی بدولت آٹھ فروری کو این اے 46 سے کامیابی حاصل کریں گے۔