راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)پاکستان ہندو کونسل کے زیر اہتمام قدیمی چک لالہ راولپنڈی مندر میں دیوالی کی رنگارنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب میں ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی اور نیپال، سری لنکا کے سفراء کرام نے شرکت کی۔ تقریب میں غزہ جنگ بندی کیلئے خصوصی پراتھنابھی کی گئی۔ قدیمی 88 سالہ مندر روشنیوں سے جگمگا اٹھا، ہر طرف دیوالی کے گیت بجنے لگے، آتش بازی کا مظاہرہ، دیوالی کیک بھی کاٹا گیا۔
ڈاکٹر رمیش کمار سرپرست اعلیٰ پاکستان ہندو کونسل نے کہا کہ دیوالی اندھیرے کی روشنی کی جیت ہے۔پاکستانی ہندو کمیونٹی غزہ میں امن کی خواہاں ہے،دیوالی کے مقدس تہوار پر نیپال اور سری لنکا کے سفراء کرام کا خیرمقدم کرتا ہوں،چک لالہ راولپنڈی میں واقع بالمیکی مندر 88 سال قدیم ہے۔
مزید پڑھیں: غزہ میں عارضی جنگ بندی، 12 ہزار ٹن امدادی اشیا پہنچ گئیں
سربراہ پاکستان ہندو کونسل نے مزید کہا کہ دیوالی امن و سلامتی کا پیغام ہے۔ آئین پاکستان کے تحت غیرمسلموں کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔پاکستان ہندو کونسل کی اپیل پر رواں برس دیوالی غزہ جنگ بندی سے منسوب کی گئی۔