اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسلام آباد پولیس نے ایف-9 پارک میں 12 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وفاقی پولیس کا کہنا تھا کہ مدعیہ مقدمہ کے مطابق ملزم نے مدعیہ کی 12 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
قبل ازیں، اسلام آباد پولیس نے ایف-9 پارک میں 12 سالہ بچی سے زیادتی کا مقدمہ کر لیا تھا۔
نجی ٹی وی کے مطابق تھانہ مارگلہ پولیس نے متاثرہ بچی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا ہے۔
فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق ملزم ساجد 12 سالہ بچی کو بہلا پھسلا کر ایف 9 پارک لے گیا، ملزم ساجد نے ایف نائن پارک میں 12 سالہ یتیم بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایف آئی آر کے مطابق بچی کی والدہ نے بتایا کہ غریب خاتون ہوں، طلاق یافتہ ہوں اور لوگوں کے گھروں میں کام کرتی ہوں، میری بیٹی کو مہرین نامی خاتون گھر سے لے گئی۔
والدہ کا مزید کہنا تھا کہ وہاں سے بچی کو ساجد ایف 9 پارک لے گیا، رات 11 بجے بچی واپس آئی تو وہ رو رہی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 5 فروری 2023 کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر گینگ ریپ کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا۔
اسی طرح 8 جولائی 2023 کو ایف-9 پارک میں خواتین کو ہراساں کرنے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔