گوجرانوالہ: (کرائم رپورٹر) پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ میں بااثر افراد نے کھیتوں سے گدھا گاڑی گزارنے کی پاداش میں محنت کش کو تشدد کر کے مار ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق قتل کا افسوسناک واقعہ گوجرانوالہ کے نواحی گاؤں تھابل دوچھہ میں پیش آیا جہاں کھیتوں سے گدھا گاڑی گزارنے پر بااثر افراد نے محنت کش کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، ملزموں نے ڈنڈوں اور سوٹوں کا بے دریغ استعمال کیا۔
بدترین تشدد کے نتیجے میں محنت کش موقع پر دم توڑ گیا، مقتول کی شناخت 45 سالہ شفقت کے نام سے ہوئی، واقعے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے ملزمان نے مقتول کو ڈنڈوں سوٹوں سے تشدد کا نشانہ بنایا، مقتول شفقت نے گدھا گاڑی ملزمان کے کھیتوں سے گزاری تھی جس کا ان کو شدید رنج تھا، مقدمہ درج کر کے ملزموں کی گرفتار کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے، جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔