اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم کےکوآرڈینیٹر برائے ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز، اور کوآرڈینیشن ڈاکٹر ملک مختار احمدنے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا دورہ کیا جس میں انہوں نے ہسپتال میں موجود طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری صحت جناب افتخار علی شلوانی، ڈاکٹر ملک مختار احمد کے ہمراہ تھے۔ اس دورے کا مقصد شہریوں کو صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانا تھا۔
ڈاکٹر ملک مختار احمد نے ذاتی طور پر ہسپتال کے مختلف وارڈز بشمول ایمرجنسی سیکشن کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں سے بات چیت کی اور ان سے علاج میں درپیش کسی بھی قسم کی پریشانی کے بارے میں پوچھا۔ انہوں نے صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں کسی بھی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے ہیلتھ نے پمز ہسپتال کی آپریشنل کارکردگی کو بہتر کرنے کے لیے ہدایات جاری کیں۔ ان ہدایات میں او پی ڈی میں شام کی شفٹوں کا آغاز، گردے اور جگر کی پیوند کاری کے لیے وقف مراکز کا قیام، اور ان اقدامات کو انجام دینے کےلئے ایک خصوصی کمیٹی کی تشکیل شامل ہے۔ ڈاکٹر ملک مختار احمد نےصحت کی بلا تعطل خدمات کو یقینی بنانے کےلئے ہسپتال کی انسانی وسائل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مکمل تعاون کا وعدہ بھی کیا۔
ڈاکٹر ملک مختار احمد کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سات جدید ترین آپریشن تھیٹرز کی تکمیل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی میں بہترین کارکردگی کے حصول میں پمز انتظامیہ کو اپنی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا۔