گجرات (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سےدودھ کے نام پر جعلی سفید محلول کی ترسیل ناکام بنادی گئی۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایات پر گجرات شہر میں غیر معیاری اور ناقص دودھ سپلائرز کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا گیا، ڈیری سیفٹی ٹیموں نے مسلسل شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی، ملک شاپس کی چیکنگ کی ۔ دوران ناکہ بندی 50ہزار لٹر سے زائد دودھ کا معائنہ کیا گیاجس میں سے قدرتی فیٹ کی کمی پر2800لٹر سے زائدغیر معیاری اور ناقص دودھ تلف کردیا گیا جبکہ37 کو 2لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کردیے گئے۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق موقع پر جدید ترین مشین لیکٹو سکین سے کیے گئے ٹیسٹ ناقص پائے جانے پر ایکشن لیا گیا، دودھ میں پانی کی ملاوٹ سے قدرتی چکنائی کی کمی پائی گئی، غیر معیاری ملاوٹی دودھ کو گجرات اور ملحقہ علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا، ناقص ملاوٹی دودھ بچوں اور بزرگوں کو موزی امراض میں مبتلا کرتا ہے، گھر میں دودھ کو استعمال سے قبل پنجاب فوڈ اتھارٹی دفتر سے ٹیسٹ لازمی کروائیں، عوام الناس تک معیاری دودھ کی یقینی فراہمی کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیمیں دن رات سرگرم ہیں، دودھ کے معیار پر زیرو ٹالرینس، ملاوٹ کرنے والے عناصر کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، شہری جعلساز اور ملاوٹ مافیہ کا ہر حربہ ناکام بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی سے تعاون کریں۔