اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن (پی سی جی اے) فیڈرل برانچ کے ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زعیم ضیائ سے ملاقات کی اور ان سے اس شعبے کیلئے کاروبار میں آسانی کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن فیڈرل برانچ کے چیئرمین میاں طارق سعید ، سیکرٹری جنرل قیصر مسعود سمیت طارق محمود، عارف یار خان، نجیب عباسی، عبدالعزیز، ملک اشفاق، عثمان حفیظ اور دیگر وفد میں شامل تھے۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیا نے کہا کہ فارمیسی شعبے کی تاجر برادری مریضوں کو مطلوبہ ادویات بروقت فراہم کر کے معاشرے کی اہم خدمت انجام دے رہی ہے اور اس عزم کااظہار کیا کہ وہ ان کی طرف سے اجاگر کیے گئے مسائل کے حل کے لیے ہرممکن تعاون کریں گے اور ان کیلئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وفد کی دی گئی تجاویز کی روشنی میں فارمیسی لائسنس، میڈیکل سٹور لائسنس اور ڈسٹری بیوشن لائسنس کے آن لائن نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے ڈی ایچ او اسلام آباد کی طرف سے اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ یونٹس کے لیے حاصل کی گئی نئی ایمبولینسز کے بارے میں بھی وفد کو تفصیل سے بتایا جو جدید آلات سے لیس ہیں اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن بختاوری کے ہاتھوں ان کا افتتاح کروایا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری نے ڈی ایچ او اسلام آباد کو کیمسٹ اور ڈرگسٹ شعبے کے اہم مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے مفید تجاویز دیں۔ انہوں نے اس شعبے کی کاروباری برادری پر ادویات کی آن لائن خرید و فروخت کے مضر اثرات سے ڈی ایچ او کو آگاہ کیا جو کہ غیر قانونی عمل ہے اور مطالبہ کیا کہ حکومت کو ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ایک مناسب طریقہ کار تیار کرے۔ انہوں نے اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ یونٹس اور بنیادی ہیلتھ یونٹس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ڈی ایچ او اسلام آباد کی کاوشوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ تاجر برادری ایسی کاوشوں میں ان کے ساتھ تعاون کرے گی۔
میاں طارق سعید چیئرمین اور قیصر مسعود سیکرٹری جنرل پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن (فیڈرل برانچ) نے کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے کے لیے فارمیسیوں اور میڈیکل سٹورز کے لائسنس کے اجرائ کے آن لائن نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز دیں۔ انہوں نے Nordex اور Sanofi کمپنیوں کے معاملات کے بارے میں ڈی ایچ او اسلام آباد کو اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور اس معاملے کے بہتر حل کیلئے ان سے تعاون کی درخواست کی۔