اسلام آباد( محمد حسین ) آغا خان یونیورسٹی ہسپتال میں عالمی یوم اطفال کے موقع پر اے کے یو سینٹر کے زیر اہتمام واک اور نمائش کا انعقاد ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئے سی ای او آغا خان یونیورسٹی ہسپتال ڈاکٹر فرحت عباس نے شر کا ء کو خراج تحسین پیش کرتے ہو ئے کہا کہ فلاح و بہبود، حفاظت، صحت مند انہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے نوجوانوں کو آگے آنا ہو گا ۔بچے کسی بھی قوم کی نبض ہوتے ہیں ان کی فلاح و بہبود ایک ذمہ داری ہے جس میں ہم سب شریک ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم اس طرح کے ایونٹ کے ذریعے بچوں کو خوش کر سکتے ہیں، ہر بچے کی مجموعی ترقی اور خوشی کو فروغ دینے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔اس موقع پر چیئرپرسن شعبہ اطفال اور چائلڈ ہیلتھ ڈاکٹر فائزہ نے کہا کہ بچوں کے چہروں پر چمکتی مسکراہٹ کیلئے سب کو مل کر اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا ۔تفریحی سرگرمی میں پینٹنگ کے ذریعے بچوں نے ہسپتال کے عملے کے ساتھ کاغذ کے درخت پر اپنے رنگین ہاتھ کے نشانات چھوڑے جو اتحاد، ترقی اور آنے والی نسل کی پرورش کے لیے کمیونٹی کی اجتماعی کوششوں کی علامت ہے۔ بچوں کے چہروں پر چمکتی مسکراہٹ ان انٹرایکٹو کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت تھی۔تفریح، تعلیم اور کمیونٹی کی مصروفیات کے ذریعے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال نے نہ صرف بچوں کا عالمی دن منایا بلکہ اپنے ونگ کے تحت ہر بچے کی جامع دیکھ بھال اور مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب میں وائس چیئرمین شعبہ اطفال اور چائلڈ ہیلتھ ڈاکٹر علی فیصل سلیم نے بھی شرکت کی ۔ واک اور نمائش میں ہسپتال کی قیادت، فیکلٹی عملہ اور کراچی بھر کے مختلف سکولوں کے طلبا نے شرکت کی۔اس موقع پر چائلڈ ہیلتھ کے زیر اہتمام خصوصی کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی ۔ آغا خان یونیورسٹی ہسپتال میں عالمی یوم اطفال کی تقریبات 20 سے 22نومبر 2023 تک جاری رہیں ۔