اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں دہشتگرد حملہ ناکام بنانے پر پشاور پولیس کی تعریف کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم بڑے نقصان سے بچ گئے، دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ آج صبح پشاور میں بورڈ بازار میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں کسی شہری کو نقصان نہیں پہنچا، ہلاک اور زخمی ہونے والے دہشتگرد ہیں جن کی شناخت ہوگئی ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک اور زخمی دہشتگردوں کا تعلق پشاور سے ہے، یہ دہشتگرد سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے، دہشتگردوں سے موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں 4 سے 5 کلو بارودی مواد استعمال ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بم ڈسپوزل یونٹ کی رپورٹ کے مطابق دھماکا خودکش نہیں تھا، بارودی مواد کی منتقلی کے دوران دھماکا ہوا اور اسے منتقل کرنے والے 2 افراد ہلاک اور 1 زخمی ہوا۔