اسلام آباد(نیوز ڈیسک )صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اوراسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صاد ق نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں فوجی جوانوں کے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ قوم اپنے جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی،غم اور دکھ کی مشکل گھڑی میں شہداء کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دھشتگردوں کے ناپاک عزائم کو مٹی میں ملا دیا۔مجھ سمیت پوری قوم کو اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید جوانوں پر فخر ہے،اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وطن کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہونے والے قوم کے جری سپوت لیفٹیننٹ کرنل کاشف، کپٹن احمد سمیت دیگر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگرد دشمن کے ناپاک عزائم پر عمل پیرا ہیں جس میں وہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے،دہشتگردوں کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،صدر ،وزیراعظم اوراسپیکرقومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعاکی۔