راولپنڈی(نیوزڈیسک)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف دفاتر کے سامنے جو احتجاج ہوا وہ درست تھا، فوج مخالف نعرے بازی کا علم نہیں۔ علی امین گنڈاپور کو شہبازشریف کے ساتھ تصاویر نہیں بنوانی چاہیے تھی۔ مجھے خدشہ ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کا فنڈ جاری نہیں کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ 3 کروڑ ووٹ ہماری جماعت کو ملے اور 3 کروڑ 17 جماعتوں کو ملے۔ پاکستان میں ہونے والے انتخابات کا فوری طور پر آڈٹ کروایا جائے۔ ہماری اکانومی ڈوب رہی ہے، ملک میں سخت ریفارمز کی ضرورت ہے، یہ حکومت چل نہیں سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی میرے گھر پر ڈاکا مارے اور کہے کہ بھول جاؤ یہ کیسا انصاف ہے۔ ووٹ کو عزت دینے والوں نے بوٹ کو عزت دینا شروع کر دی ہے۔ شریف خاندان کا بوٹ کے بغیر گزارہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر او آئی سی کو کھڑا ہونا چاہیئے تھا لیکن جنوبی افریقہ نے اسٹینڈ لیا۔ فلسطین کے مسئلے پر ہم جنگ نہیں کر سکتے۔
عمران خان نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس تب چلایا جا رہا ہے کہ مجھے اگر ضمانت ملے تو اس میں پھنسا لیا جائے، چوری ہوئی نہیں تو کیس کیسے چل رہا ہے، پیسہ سپریم کورٹ سے حکومت کے پاس چلا گیا۔ یوسف رضا گیلانی کا بیٹا سینیٹ الیکشن میں پیسے دیتے ہوئے پکڑا گیا آج تک کیس نہیں چل سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہوتی تو دھاندلی کا معاملہ ایک گھنٹے میں حل ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرض لینے سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام ضروری ہے، سیاسی استحکام تب ہی ہوگا تب عوام کو اس کا چوری ہونے والا مینڈیٹ واپس کیا جائے گا۔ 18 ماہ کے دوران ملک پر ریکارڈ قرضہ چڑھایا گیا۔ نگران حکومت کا کانسپٹ مکمل تباہ کیا گیا، یہ سب ملے ہوئے تھے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن، مسلم لیگ ن اور باقی ادارے ملے ہوئے تھے تب ان پر اعتماد نہیں، صاف شفاف انتخابات کروائیں جو بھی آئے مجھے منظور ہوگا۔ ایک قوم بن کر ریفارمز کی ضرورت ہے، جرمنی اور جاپان بھی ایک قوم بنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اٹک جیل میں برے حالات تھے،بہت سختی کی گئی، زمین پر سلایا گیا۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ شیخ رشید پارٹی چھوڑ گئے اس پر کیا کہیں گے؟ انہوں نے جواب دیا کہ شیخ رشید کا شغل مِس کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی چھوڑ کر جانے والے ان افراد کو جن پر تشدد ہوا واپس پارٹی میں لے لیں گے۔