اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت اکیلے فیصلے کرنے کی مجاز نہیں اور اہم فیصلہ باہمی مشاورت اور بانی پی ٹی آئی کی حتمی منظوری سے مشروط ہے۔
رپورٹ کے مطابق کورکمیٹی نے شیرانی گروپ اورایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اتحاد نہ کرنا بڑی غلطی قرار دیا اور ارکان نے رائے دی کہ بلے باز کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ اور ٹکٹوں کی تقسیم کے فیصلے بھی عمران خان کی مشاورت سے نہیں ہوئے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ درست نہیں تھا، سنی اتحاد کونسل کے بجائے شیرانی گروپ کے ساتھ اتفاق کرنا تھا۔
کور کمیٹی نے سینیٹ کے لیے مرزا محمد آفریدی کے نام پر تحفظات کا اظہار کیا اور مرزا آفریدی کی 9 مئی اور بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ سے متعلق گفتگو پر سخت ردعمل دیا۔ذرائع کور کمیٹی نے بتایاکہ مرزا محمد آفریدی کو پی ٹی آئی کی سپورٹ نہیں ہونی چاہیے، ان کے بجائے پی ٹی آئی کے اپنے امیدوار کو سینیٹ میں سپورٹ کیا جائے۔