ڈی آئی خان(نیوزڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ کے پی کی جانب سے رشوت خور افسران کے سر پھاڑنے کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کہتے ہیں کرپشن کرنے والےکا سرپھاڑ دیں، اگر وزیراعلیٰ علی امین کرپشن کریں تو انہیں کون اینٹ مارے گا۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پورکو خود یقین نہیں کہ وہ وزیراعلیٰ بن چکے ہیں، اگر مرکز کے ساتھ تعلقات بگاڑیں گے تو ہمارا صوبہ پیچھے رہے گا۔
پی پی ترجمان کا کہنا تھا کہ 2 اپریل کو سینیٹ کے الیکشن کے بعد حکومت مکمل ہوجائے گی، مشکل فیصلے کرنے ہوں گے، امید ہے بحران سے نکل جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر خیبرپختونخوا چاہتے ہیں مخصوص نشستیں جیتنے والے حلف نہ لیں، اگر اسپیکر نے حلف نہ لیا تو قانون کاسامنا کرنا پڑے گا۔
فیصل کریم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے درخواست کی ہے خیبرپختونخوا کا جو حق ہے وہ دیا جائے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی کے گورنر ہوں گے جب کہ سندھ اور بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کےگورنر ہوں گے تاہم نام ابھی فائنل نہیں ہوئے ہیں۔