اسلام آباد(سٹا ف رپورٹر)رہنما جمعیت علماء اسلام اور سابق وفاقی وزیر طلحہ محمود نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں نیئربخاری اور فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران سابق سینیٹر طلحہ محمود نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ ایک ہفتہ قبل صدرآصف زرداری نے مجھے ایوان صدر میں مدعو کیا، صدرآصف زرداری سے ایک گھنٹہ سے زائد تفصیلی ملاقات ہوئی، پیپلزپارٹی سے بہتر کوئی پارٹی پاکستان میں نظر نہیں آرہی۔
انہوں نے کہا کہ 9 سال وزارت داخلہ کی سینیٹ کمیٹی کا چیئرمین رہاہوں،18سال میں حکومت سے تنخواہ اور مراعات نہیں لیں، جے یوآئی کے علاوہ کبھی کسی پارٹی میں نہیں رہا تاہم پاکستان میں قومی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے، ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔
اس موقع پر رہنما پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اپنے ساتھ شامل ہونے والوں کو ویلکم کیا، پیپلزپارٹی طلحہ محمود کی سیاسی بصیرت سے فائدہ اٹھائے گی، خیبرپختونخوا میں پیپلزپارٹی کو مضبوط بنائیں گے۔