اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بشام خودکش دھماکے کے ذریعے چینی انجینئرز پر حملے سے متعلق پولیس نے دوسری رپورٹ وفاق کو ارسال کر دی۔
رپورٹ کے مطابق بظاہر چینیوں کو لے جانے والی گاڑی بلٹ پروف اور بم پروف نہیں لگتی، ہلاک ہونے والے چینی باشندوں میں ایک خاتون انجینئر بھی شامل ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جائے وقوع کی فضائی تصویر بھی حاصل کر لی گئی ہے، جائے وقوع سے تھانہ بشام تقریباً 6 کلو میٹر اور داسو ڈیم 77 کلو میٹر دور ہے۔
رپورٹ کے مطابق تباہ ہونے والی بس دوسری بس سے 15 فٹ کے فاصلے پر تھی، خودکش دھماکے سے بس 300 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ چینی قافلے میں شامل تمام بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب تھے۔
واقعے کی تحقیقات کرنے والے اداروں نے خودکش بم بار کے زیرِ استعمال گاڑی کے ٹکڑے بھی حاصل کر لیے ہیں۔