پشاور(نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا میں بارش نے تباہی مچادی، گزشتہ چار روز میں 21 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے۔ 330 مکانات کو نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں گزشتہ چار روز سے جاری بارش سے ہونیوالے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، چھتیں گرنے اور سیلاب سے مختلف حادثات میں 21 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 32 افراد زخمی ہوچکے ہیں، جاں بحق ہونیوالوں میں 9 بچے اور 3 خواتین بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 330 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 53 مکمل تباہ ہوئے۔ حادثات میں 95 مویشی بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔
واقعات خیبر، دیر، مہمند، باجوڑ، چترال، سوات، کرک، ٹانک، پشاور، چارسدہ، مردان، کوہاٹ، ہنگو، بٹگرام، شانگلہ، وزیرستان، بنوں، بونیر اور مانسہرہ میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور سیلاب متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔
متاثرین کو ٹینٹس، کمبل، کچن سیٹ سمیت مختلف امدادی سامان تقسیم کیا جارہا ہے۔