اسلام آباد(نیوز ڈیسک) صدرمملکت آصف زرداری سے سعودی وزیرخارجہ کی زیرصدارت وفد کی ملاقات،اقتصادی تعاون پرتبادلہ خیال کیاگیا۔
صدر مملکت آصف زرداری کاکہنا تھاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور دہائیوں پرانے تعلقات ہیں ۔پاکستان سعودی عرب کے ساتھ موجودہ تعلقات کو طویل المدتی تزویراتی اور اقتصادی شراکت داری میں بدلنا چاہتا ہے۔پاکستانی حکومت اور عوام خادمین حرمین شریفین کیلئے انتہائی احترام کے جذبات رکھتے ہیں۔پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔اسلامی دنیا کی خوشحالی سعودی عرب کی ترقی سے وابستہ ہے۔
صدر مملکت نے سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی جرات مندانہ اور دور اندیش قیادت اور ویژن 2030 کے تحت ہونے والی قابل ذکر پیش رفت کو سراہا۔
سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔سعودی عرب پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مضبوط تعلقات ہیں ، کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کی مدد کرتے آئے ہیں ۔
سعودی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔فریقین نے علاقائی صورتحال ، مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا کیاگیا۔دونوں ممالک کا فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور غزہ میں اسرائیلی مظالم بند کرنے پر زور دیا۔