راولپنڈی(ویب ڈیسک ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم چیلنجز سے باخبر ہیں، پاک فوج کی پوری توجہ مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع پر مرکوز ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خیرپور کا دورہ کر کے ٹامیوالی میں بہاولپور کور کی فیلڈ مشقوں کا مشاہدہ کیا، آرمی چیف کو فیلڈ مشقوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ مشقوں کا مقصد آپریشنل ماحول میں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مہارت کو بڑھانا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے مشق میں حصہ لینے والے ٹروپس سے بات چیت کی اور ہر حال میں روایتی جوش اور جذبے کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے رہنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ انشااللہ قوم کی حمایت سے مسلح افواج پاکستان کے دشمنوں کو شکست دے گی۔
مزید پڑھیں: سیکورٹی فورسز نے افغانستان سے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی، آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے دورے کے دوران آرمر، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل کا بھی مشاہدہ کیا۔