اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بیرسٹر گوہر علی خان بلامقابلہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔
تحریک انصاف کے رجسٹرڈ ووٹرز نے آج نئے چیئرمین کا انتخاب کیا۔
بیرسٹر گوہر خان نے چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے تھے۔
چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی کا کہنا ہے کہ عمر ایوب پی ٹی آئی کے بلا مقابلہ مرکزی جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔
اس کے علاوہ علی امین گنڈاپور تحریک انصاف خیبرپختونخوا،یاسمین راشدپنجاب کی صدر منتخب ہوئی ہیں۔
گوہر خان نے چیئرمین منتخب ہونے پر کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ایک جدوجہد کی وجہ سے جیل میں ہیں ، میرا پینل سابق چیئرمین پی ٹی آئی کامنتخب کردہ پینل تھا، ہماری آدھی سے زیادہ لیڈر شپ جیلوں میں ہے۔
انہوں نے کہا پی ٹی آئی کسی کے ساتھ جھگڑا نہیں کرے گی۔
دوسری جانب اکبر ایس بابر نےنجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن میں چیلنج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں بے ضابطگی کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی جائے گی۔
مزید پڑھیں: بیرسٹر گوہر علی تحریک انصاف کے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے سے مستعفی
اکبر ایس بابر نے دعویٰ کیا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ہم پی ٹی آئی کا حصہ اور بانی رہنما ہیں، آج شام کو انٹرا پارٹی انتخابات کے سلسلے میں اہم پریس کانفرنس کرنے جا رہا ہوں۔