ریاض: وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی وزیر تجارت ماجد القصبی نے آج عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر ملاقات کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کے حوالے سے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے پوری طرح فعال ہے۔
سعودی وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کی واضح ہدایات کے مطابق ہم پاکستان کو سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے ترجیح دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی کاروباری برادری و تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران دونوں ممالک کے معاشی اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لئے اہداف کا تعین کیا جا رہا ہے۔
سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم رہا ہے ،دونوں ممالک کے نوجوانوں اور نئی نسل میں سعودی -پاکستان دوستی کے حوالے سے جذبات مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔