شاہراہ قراقرم پر چلاس کے قریب مسافر بس کھائی میں گرنے سے 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔
بس حادثے کے 21 زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں، حادثہ یشوخل داس کے مقام پر پیش آیا، بس میں 30 سے زائد مسافر سوار تھے۔
ڈائریکٹر محکمہ صحت کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔
حادثہ علی الصبح پیش آیا جس کے فوری بعد ریسکیو، پولیس اور مقامی افراد نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔ ریجنل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے شہریوں سے زخمیوں کے لیے خون کی اپیل کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار مسافر بس راولپنڈی سے گلگت جارہی تھی۔
ڈپٹی کمشنر فیاض خان کے مطابق متاثرہ علاقے میں ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، ریسکیو آپریشن میں آرمی کے ہیلی کاپٹرز نے بھی حصہ لیا، متاثرہ افراد کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ حادثہ چلاس شہر سے 20 کلو میٹر دور پیش آیا، اوور اسپیڈ یا موڑ کاٹتے ہوئے بس حادثے کا شکار ہوئی۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے بس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انتظامیہ اور زخمیوں کی بروقت طبی امداد کرنے کی ہدایت کی ہے۔