مدینہ منورہ(نیوز ڈیسک)9 مئی کو حج آپریشن کے سلسلے میں پاکستان سے آنے والے عازمین حج کی پہلی حج پرواز مدینہ منورہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچ گئی۔
سب سے پہلی فلائٹ کراچی سے پی اے 176 کے ذریعے 179 عازمین حج لے کر مدینہ منورہ پہنچی، کراچی ہی سے پی ایف 754 دوسری پرواز کے ذریعے 151 عازمین حج لے کر مدینہ منورہ پہنچی۔
اسلام آباد سے پی اے 276 تیسری پرواز کے ذریعے 200 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ پہنچی۔ عازمینِ حج کا استقبال سعودی عرب میں متعین پاکستان کے سفیر احمد فاروق، ڈی جی حج عبد الوہاب سومرو، قونصل جنرل خالد مجید، ڈائریکٹر حج مدینہ ضیاء الرحمن، ڈائریکٹر سہولت وتعاون احمد ندیم خان، ڈائریکٹر معاونین اصغر یوسفزئی، ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن بریگیڈیئر جمیل لاکھیر، اور وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ نے کیا۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ نے کہا کہ ہم عازمینِ حج کی اولین پرواز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ایک تو ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم حجاج کرام کا استقبال کریں، لیکن ہم یہاں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے موجود ہیں کہ حجاج کرام کو سہولتیں مہیا کرتے ہوئے ان کے سفر حج کو آسان ترین بنائیں۔
حج کی سعادت حاصل کرنے اسلام آباد سے آئے محمد اسد اللہ سے بات چیت کے دوران ان کی خوشی دیدنی تھی، اس مبارک سفر کی تھکاوٹ کے باوجود ہشاش بشاش لگے۔ انہوں اپنے سفر کو آرام دہ کہا، اور اللہ کے حضور قبول ہونے کی دعا کرتے رہے۔
عازمینِ حج کی خدمت پر معاونین حج بھی تندہی کے ساتھ حجاج کی رہنمائی میں مصروف نظر آئے۔