اسلام آباد (پارلیمانی رپورٹر)ء چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان ، ایران کے مشرقی آذربائیجان صوبے کے گورنر مالک رحمتی سمیت دیگر افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دْکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایرانی صدر کے انتقال کی خبر سن کر دلی دکھ اور افسوس ہوا۔انہوں نے کہا کہ ان کا انتقال ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اورعوام صدر رئیسی کی سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام ہیلی کاپٹر حادثہ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے اللہ تعالیٰ سے مرحومین کے درجات بلندی اور سوگواران کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان،قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر شبلی فراز نے بھی نے ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سمیت دیگر افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دْکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں مرحومین کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندانوں کو صبر جمیل عطا کرے.