اسلام آباد،: (سعید احمد): سوان گارڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کے رہائشی بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے جمعرات کے روز بھی سوسائٹی کی انتظامیہ اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے خلاف شدید سراپا احتجاج ہیں۔ یہاں روزانہ 10 سے 14 گھنٹے بجلی بند رہتی ہے۔ سوسائٹی کی انتظامیہ اور آئیسکو کو شکایات کے باوجود بجلی کی طویل بندش کا مسئلہ حل نہیں ہو رہا۔ خاص طور پر بلاک ای، جی، اور ایچ میں بجلی کی بندش کی صورت حال انتہائی خراب ہے۔آئیسکو اور سوسائٹی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق، اس بندش کی وجہ سوسائٹی میں بجلی کے ٹرانسفارمرز کی کمی ہے۔ اس وقت ضرورت سے تقریباً آدھے ٹرانسفارمرز ہی کام کر رہے ہیں۔ اس سے موجودہ بجلی سپلائی کا نظام بڑھتی ہوئی طلب کو پورا نہیں کر پا رہا، جس کی وجہ سے متعدد بلاکس کے اندر بجلی سپلائی کی لائنوں میں بار بار خرابی ہو رہی ہے۔آئیسکو کے ایک ذرائع نے بتایا ہے کہ انہیں بجلی کی اس طویل بندش کو روکنے کے لیے فوری 5 سے 6 اضافی ٹرانسفارمرز کی ضرورت ہے۔ اگر یہ ٹرانسفرز مہیا نہیں کیے جاتے توبجلی کی طویل بندش کا دورانیہ کم نہیں ہو پائے گا۔۔”رہائشی اس صورت حال سے شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ بلاک ایچ کے رہائشی سعید احمد نے کہا، “ہم ہر سال گرمیوں کے دوران یہاں بجلی کی طویل بندش کا سامنا کرتے ہیں جس سے ہماری روزمرہ کی زندگی شدید متاثر ہوتی ہے۔”بلاک جی کے رہائشی وسیم احمد نے کہا، “بجلی کی طویل بندش سے سوسائٹی کی مارکیٹوں میں کاروبار کو شدید نقصان ہورہا ہے۔”ایک رہائشی خاتون نے کہا کہ رات کو بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے بچے نیند پوری نہیں کر پاتے جس سے انکی تعلیم شدید متاثر ہورہی ہے۔رہائشیوں نے انتظامیہ کو انتباہ کیا ہے کہ اگر بجلی کی طویل بندش کا مسئلہ فوراً حل نہ ہوا تو وہ بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ رہائشیوں نے سوان گارڈن ہاؤسنگ سوسائٹی اور آئیسکو سے مطالبہ ہے کہ وہ فوری طور پر مسئلہ حل کریں۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ فی الفور مذید ٹرانسفارمرز لگوائے اور بجلی کی طویل بندش کو روکنے کے لیے ایک جامع منصوبہ بنائے۔ ورنہ رہائشی بھرپور احتجاج کا سلسلہ شروع کردیں گے۔