اسلام آباد(بیورو رپورٹ) انٹر بورڈز اسپورٹس پاکستان گرلز ہاکی ٹیم نے ڈاکٹر غلام علی ملاح، ایگزیکٹو ڈائریکٹر انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) اسلام آباد کی قیادت میں ترکی کا دورہ کیا اور ترکش انڈر 16 نیشنل ہاکی ٹیم کے ساتھ تین میچوں کی سیریز میں حصہ لیا۔پہلا میچ ترکش گرلز ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد 1-2 سے جیت لیا۔ پاکستان ٹیم کی جانب سے کپتان شانزے نے واحد گول اسکور کیا۔ دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 0-1 سے کامیابی حاصل کی، یہ گول سویرا نے اسکور کیا۔ تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، لیکن ترکش ٹیم نے 2-3 سے جیت کر سیریز اپنے نام کرلی۔ پاکستان کی جانب سے صباح اور طیبہ نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ترکش نیشنل ہاکی فیڈریشن نے اس سیریز کو عمدہ طریقے سے منعقد کیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ بین الاقوامی مقابلے نہ صرف جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے مفید ہیں بلکہ دوستی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ دونوں ممالک کی نوجوان خواتین نے غیر معمولی مہارت، عزم اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزارت تعلیم کا اس طرح کے پروگرام کی حوصلہ افزائی کرنا نوجوان خواتین کو کھیلوں میں بااختیار بنانے، صحت مند مقابلے کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے ذریعے بین الاقوامی تعلقات استوار کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔