اسلام آباد (عامر رفیق بٹ)اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت اور عوام نے ایتھوپیا کے جنوبی حصے کے گوفا زون میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعے کے بعد وفاقی جمہوری جمہوریہ ایتھوپیا (FDRE) کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول پارلیمنٹیرینز، سفارتی اور مذہبی برادری، کاروباری اور میڈیا برادری، نوجوانوں اور سول سوسائٹی نے ایف ڈی آر ایتھوپیا اسلام آباد کے سفارت خانے کا دورہ کیا تاکہ اس المناک واقعے پر اظہار تعزیت کیا جا سکے جس میں بہت سے لوگوں کی جانیں گئیں۔
حکومتی افسران بشمول وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے سفیر کو فون کیا۔ اس واقعے پر ایتھوپیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ سینیٹر مشاہد حسین اور پاکستان کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل (افریقہ) حسنین یوسف نے بھی سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔پریس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین ارشد خان جدون اور تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین محمد عبداللہ حمید گل بھی ان اہم مہمانوں میں شامل تھے جنہوں نے ایمبیسی کا دورہ کرکے ان سے تعزیت کی۔
تاجر برادری کے ایک بڑے وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری اور چیئرمین پاکستان افریقہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایتھوپیاکے سفارت خانے کا دورہ کیا اور افسوسناک واقعہ پر افسوس کا اظہارکیا۔
اس موقع پر سفیر جمال بیکر نے مہمانون کو ایف ڈی آر ایتھوپیا کی حکومت کی جانب سے متاثرہ افراد کی مستقل منتقلی کے لیے کی جانے والی امداد اور بچاؤ کی کوششوں کے بارے میں بتایا۔
سفیر نے گرین لیگیسی انیشیٹو پر بھی روشنی ڈالی جو کہ ڈاکٹر ابی احمد، ایتھوپیا کے وزیر اعظم کا اقدام ہے جس کا مقصد موسمیاتی چیلنجوں کا مقابلہ کرنا اور ملک اور خطے میں غذائی تحفظ کو بھی یقینی بنانا تھا۔انہوں نے مندوبین کو بتایا کہ ایتھوپیا نے عوام کے بڑے پیمانے پر متحرک ہونے کے ذریعے گزشتہ چار سالوں میں پھلوں، سبزیوں اور جانوروں کی خوراک کے مقامی پودوں کے 40 ارب سے زائد پودے لگائے ہیں۔
سفیر جمال بیکر نے گرین لیگسی انیشیٹو کے تحت مشترکہ اقدامات کے ذریعے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ جلد ہی گرین لیگیسی انیشیٹو کے تحت ایتھو پاکستان برادری کے دوسرے دور کا آغاز کرے گا جو 2023 میں پورے پاکستان میں شروع کیا گیا تھا۔