اسلام آباد(آئی ایم ایم)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مادر ملت فاطمہ جناح کی سالگرہ پر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، چیئرمین پی پی پی نے اپنے پیغام میں مادر ملت کی جمہوریت کے لیے غیر متزلزل عزم اور پاکستان کے لیے انتھک جدوجہد کی تعریف کی۔ انہوں نے فاطمہ جناح کو امید کی کرن اور تمام پاکستانیوں کے لیے ایک رول ماڈل قرار دیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فاطمہ جناح کی آزادی، مساوات اور انصاف کے اصولوں کے لیے وابستگی ہم سب کے لیے تحریک ہے۔ قوم کے لیے ان کی خدمات، خاص طور پر اپنے بھائی، قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھ قیامِ پاکستان کے سالوں میں ان کی مضبوط حمایت اور آمریتی قوتوں کے خلاف لڑائی لڑنا، انمول ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مادرِ ملت کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں تو ہمیں انصاف اور مساوات کے لئے ان کی وابستگی کی اہمیت کی یاد آتی ہے۔
آئیے ہم زیادہ ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے لیے ان کے کام کو جاری رکھنے کی کوشش کریں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ فاطمہ جناح کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایک منصفانہ اور خوشحال قوم کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، جہاں ہر شہری کے حقوق محفوظ اور محترم ہوں۔