اسلام آباد (آئی ایم ایم)چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور رابط کاری کی ایک طویل تاریخ ہے اور ہمارے تعلقات مذہبی ، ثقافتی اور اخلاقی اقدار پر مبنی ہیں اور یہ تعلقات ہی ہماری عوام کے درمیان محبت اور بھائی چارے کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین خاص طور پر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پاکستانی مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس مقامات ہیں۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر صلالح بن محمد البدیر ،امام مسجد نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سربراہی میں پاکستان کے دورے پر آئے وفد سے پارلیمنٹ ہاو¿س میں ملاقات کے دوران کیا۔
چیئرمین سینٹ نے امام مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ کی آمد ہمارے لیے باعث مسرت ہے ۔ آپ کی یہاں موجودگی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا مخلص دوست رہا ہے۔ خطے کی مجموعی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہمیں خطے اور دنیا میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
چیئرمین سینٹ نے ملاقات میں یہ بھی کہا کہ دینی تعلیم اور تحقیق کے میدان میں تعاون کو فروغ دینا بہت ضروری ہے اور اس سلسلے میں علمی تبادلہ اور مشترکہ تحقیقی منصوبے شروع کرنے کے خواہش مند ہیں تاکہ اعتدال پسند اور روشن خیال معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔ اس سلسلے میں چیئرمین سینٹ نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر بھی زور دیا انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ملکوں کی عوام کو مزید قریب لانے میں مدد ملے گی اور تجارتی و معاشی سطح پر تعلقات کو مزید استحکام دیا جا سکے گا۔ چیئرمین سینٹ نے ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کے دورہ پاکستان کو بہت اہم قرار دیا اور کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی پاکستان اور سعودی عرب کے لیے ایک مشترکہ چیلنج ہے اورمسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کےلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس وقت مسلم امہ کی صفوں میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے دنیا میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامو فوبیا کے تدارک کے لئے مشترکہ لایا عمل ناگزیر ہے
چیئرمین سینٹ نے امام مسجد نبوی ﷺ سے ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھا دیے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال قائم کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے مسئلے کا حل چاہتا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی افواج نے ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے۔اقوام عالم اور خاص طور پر مسلم ممالک کو ان تنازات کے حل کےلئے نا صرف موثر آواز اٹھانی چاہیئے بلکہ اب عملی طور پر اقدامات اٹھانا نا گزیر ہو چکا ہے ۔ آج مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے معصوم عوام دنیا اور خصوصا مسلم امہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دلوں میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ایک خاص مقام رکھتی ہے اور یہ مسجد اتحاد، امن اور عقیدت کی علامت ہے۔ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے ہمارا تعلق روحانی ہے اور یہاں ہمیں سکون اور رہنمائی ملتی ہے ۔انہوں نے سعودی عرب کی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر صالح بن عبداللہ البدیر نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا شاندار استقبال اور عقیدت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ پاکستان ہمارے لیے ایک اہم ملک ہے پاکستان نے ہمیشہ برادر ملک سعودی عرب کا ہر فورم پر ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان آ کر بڑی خوشی ہوئی ہے اور امید ہے کہ ہم اس طرح کے دوروں میں مزید تیزی لائیں گے تاکہ ہم مشترکہ تعاون اور ادارہ جاتی رابطہ کاری کو مزید فروغ دے سکیں۔