گوجرانوالہ(آئی ایم ایم)پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہد الراشدی نے آج گوجرانوالہ میں بجلی کے بلوں ،مہنگائی اور ٹیکسوں کی ہوشربا صورتحال کے خلاف تاجر برادری کے ہڑتالی کیمپ کا دورہ کیا اور مختلف تاجر تنظیموں کے راہ نماؤں سے ملک کے معاشی بحران کے بارے میں جد وجہد کو منتظم کرنے کے لیے صلاح ومشورہ کیا۔ مولانا جواد محمود قاسمی ،مولانا حافظ نصرالدین خان عمر،مولانا حافظ شیراز نوید،مولانا عبید عمر،حافظ شاہد الرحمن میر،عبدالقادر عثمان ،مولانا دانیال عمر،حافظ عبد الجبار ،حافظ محمد بن جمیل بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر مولانا زاہد الراشدی نے تاجر برادری کی ریلی سے بھی خطاب کیا اور تاجر تنظیموں کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکمرانوں سے زندہ رہنے کا حق مانگ رہے ہیں۔
اس ملک کے شہریوں کو بھی زندہ رہنے کا حق ہے اور اگر ان سے زندگی کا یہ حق چھیننے کی پالیسی ترک نہ کی گئی تو ایسا کرنے والے خود بھی زندگی کا حق برقرار نہیں رکھ سکیں گے۔انہوں نے کہا ہم پورے ملک میں 14اگست کو یوم آزادی منارہے ہیں اور اس حوالہ سے ہمارا دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ ہم نے برطانیہ سے آزادی امریکہ کا غلام بننے کے لیے نہیں حاصل کی تھی اور ہندوؤں کی تہذیبی اور معاشی بالادستی سے نجات آئی -ایم-ایف کا غلام بننے کے لیے نہیں حاصل کی تھی ۔
آج ہماری آزادی استعماری قوتوں اور آئی-ایم-ایف کے ہاتھوں گروی ہوچکی ہے اور ہم حکمرانوں سے قومی خودمختاری کی بحالی کی آئی -ایم-ایف کے تسلط سے نجات اور پاکستان کے نظریاتی مقاصد کی تکمیل کا حق مانگ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسجد ومحراب نے ہمیشہ قوم کا ساتھ دیا ہے اور آج بھی ہم ملک کے عوام اور تاجر برادری کے ساتھ ہیں اور ان کی جدو جہد میں سرگرم کردار اداکریں گے ۔