اسلام آباد(آئی ایم ایم)میں نوجوانوں کے عالمی دن پر پاکستان کے متحرک نوجوانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ نوجوان ہمارے مستقبل کی ضمانت ہیں ۔ آج ہم نہ صرف نوجوان نسل کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہیں بلکہ ملکی ترقی میں ان کے کردار کو بھی سراہتے ہیں۔ پاکستانی نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ وہ مستقبل کے خواب دیکھنے والے اور لیڈر ہیں۔ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم انہیں اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور ایک خوشحال، پرامن اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کیلئے مواقع اور وسائل فراہم کریں۔
وزیراعظم کا یوتھ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا ثبوت ہے۔ یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم جیسے اقدامات کے ذریعے ملک بھر میں 6 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جاچکے ہیں ۔ ہم یہ امر یقینی بنا رہے ہیں کہ ہمارے طلباء ڈیجیٹل دنیا میں کامیابی کیلئے لیس ہوں۔ یوتھ بزنس لون پروگرام کے تحت 186 ارب روپے تقسیم کرنے سے کاروباری افراد کی ایک نئی نسل پروان چڑھی ہے جو کہ نہ صرف نوکریاں پیدا کر رہی ہے بلکہ معاشی ترقی کو بھی آگے بڑھا رہی ہے۔ مزید برآں، یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 4 لاکھ 50 ہزار نوجوانوں کو معاشرے کا فعال رکن بنانے کیلئے تربیت فراہم کی گئی ہے ۔ نوجوانوں کو اسپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ اور گرین یوتھ موومنٹ کے ذریعے فعال کرنے سے نہ صرف جسمانی تندرستی کو فروغ مل رہا ہے بلکہ ماحول کی جانب ذمہ داری کا احساس بھی بڑھ رہا ہے۔
بطور صدر، مجھے اپنے نوجوانوں کی کامیابیوں پر بہت فخر ہے۔ ان کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور استقلال ہماری قوم کی کامیابی کا محرک ہیں۔ میں ہر پاکستانی نوجوان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائے، بڑے خواب دیکھے اور اپنے ملک کی بہتری کے لیے انتھک محنت کرے۔آئیے ، مل کر اپنے نوجوانوں کی نشوونما اور مدد کریں کیونکہ پاکستان کا مستقبل ان کی کامیابی میں مضمر ہے۔