لاہور(نیوز ڈیسک) ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو چار بار شامل تفتیش کیا گیا ہے، وہ 9 مئی مقدمات کی تفتیش میں قصور وار پائے گئے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور سے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور نو مئی کے مقدمات سے متعلق سوالات شروع کردیئے۔
عمران کشور نے بتایا کہ نو مئی کے چودہ مقدمات کے چالان جمع کروائے جا چکے ہیں، عدالت میں ٹرائل کے دوران ملزمان کو بلایا جاتا ہے، یہ بڑی تفتیش تھی جس کے لیے کام کیا گیا، جیو فینسنگ، سوشل میڈیا، ہیومن انٹیلی جنس کی بنیاد پر گرفتاریاں کی گئیں۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ نو مئی کے چودہ کیسز میں گیارہ سو ملزمان کے خلاف چالان بھجوا دیے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو چار بار شامل تفتیش کیا گیا ہے، جیل میں بھی ان سے تفتیش کی گئی۔
مزید پڑھیں: کرپشن کیس؛ عمران خان کے شریک مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع
عمران کشور نے کہا کہ تمام شواہد مثل کا حصہ بن چکے ہیں، کام مکمل کرکے کیس فائل کے ساتھ لگادیا، سابق چیئرمین پی ٹی آئی مقدمات کی تفتیش میں قصور وار پائے گئے ہیں۔