اسلام آباد(آئی ایم ایم)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ نوجوانوں نے ہی مستقبل میں ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے، نوجوان نسل کو علامہ اقبال کا شاہین اور خوشحال خان خٹک کا باز بن کر تمام برائیوں کا خاتمہ کرنے کا عہد کر کے دنیا کو سنوارنے کی کوشش کرنی چاہئے ،اقبال و خوشحال خان خٹک ، جہد مسلسل ، سخت کوشی ،بہادری اور علمی دیانتداری کا درس دیتے ہیں،عصرحاضر میں ہمارا بہت بڑا المیہ یہ ہے کہ خود انحصاری اور خود داری کی دولت سے محروم ہیں۔ بحیثیت قوم ہم خودداری کی راہ پر چل پڑے توہمارے مشکلات خود بخود ختم ہو جائیں گے اور منزل مقصود تک پہنچ جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کے روز گورنرہاوس پشاور میں یون آزادی کی مناسبت سے ” خوشحال خان خٹک اور ڈاکٹرعلامہ محمداقبال کے افکار و خیالات کی موجودہ دور میں اہمیت” کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ کانفرنس کی افتتاحی سیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کانفرنس کا اہتمام مسلم انسٹیٹیوٹ کی جانب سے کیاگیاتھا۔ کانفرنس میں مسلم انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین صاحبزادہ ڈاکٹرسلطان احمدعلی، سینیٹرفرحت اللہ بابر،رکن صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی، ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرفیق رفیقی، اسلامیہ کالج پشاور کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرنوشاد، وائس چانسلرگندھارایونیورسٹی ڈاکٹراعجازخٹک، ڈائریکٹرجنرل ادارہ برائے فروغ اردو پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر،سابق ڈائریکٹرپشتواکیڈمی ڈاکٹرسلمیٰ شاہین،چئیرمین پشتو اکیڈمی اسلامیہ کالج پشاور ڈاکٹر جاوید اقبال اور ڈائریکٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پاکستان ڈاکٹر محمد حنیف خلیل نے کانفرنس سے خطاب کیا۔کانفرنس میںخیبر پختوخوا سمیت ملک بھر سے محققین ودانشوروں اورمختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افرادنے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ جشن آزادی پاکستان کے موقع پر اور موجودہ حالات کے تناظر میں پاکستان کی دو معتبر شخصیات شاعر مشرق، مفکر، فلسفی ڈاکٹر علامہ اقبال اور پشتو زبان کے مفکر، فلسفی اور عظیم شاعر خوشحال خان خٹک کے افکار و خیالات پرمبنی گورنر ہاوس میں کانفرنس کا انعقاد بلاشبہ ایک بہترین اقدام ہے جس پر انہوں نے مسلم انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔
گورنرنے کہاکہ پشتو کے عظیم شاعرخوشحال خان خٹک اور قومی شاعرداکٹر علامہ محمداقبال کی شاعری، افکار وخیالات میں مماثلت پائی جاتی ہے ۔دونوں شعراءکے افکار و خیالات زندگی کے تمام شعبوں میں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ شاہین علامہ اقبال کا پسندیدہ تھا۔وہ شاہین کی صفات جیسے کہ خود داری اور غیرت سے متاثر تھے۔ اسی طرح خوشحال خان خٹک کی طرز فکر بھی خودداری اور آزادی سے زندگی گزارنے پر مشتمل ہے،
گورنرنے مسلم انسٹیٹیوٹ کی انتظامیہ کو یہ یقین دلاتے ہوئے کہاکہ معاشرے کی اصلاح اور بہتری کیلئے سیمینار اور کانفرنسز کے انعقاد کیلئے گورنر ہاوس پشاورکے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، انہوں نے اس موقع پر مقررین کیجانب سے مختلف تجاویز کا بھی خیر مقدم کیا اور اپنی جانب سے گورنر ہاؤس میں مستقبل قریب میں مختلف موضوعات پر مبنی کانفرنسز و سیمینار کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا، گورنر خیبرپختونخوا نے چئیرمین مسلم انسٹیٹیوٹ صاحبزادہ سلطان احمد علی و دیگر مقررین کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کیں۔