اسلام آباد(آئی ایم ایم)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے امور نوجوانان وفاقی وزیر رانا مشہود نے خیبرپختونخوا میں دانش سکولز نیٹ ورک کے قیام سمیت صوبہ کے نوجوانوں کو تکنیکی تعلیم کی فراہمی کے متعدد منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، یہ فیصلہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا ، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتہاء پسندی ، دہشت گردی پر قابو پانے کے لیئے ثقافتی سرگرمیوں کا فروغ ، معاشی آسودگی کے منصوبوں کا آغاز انتہائی ضروری ہے اور اس ضمن میں وفاق اہم کردار ادا کرسکتا ہے وفاقی وزیر رانا مشہود نے گورنر خیبرپختونخوا کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر کی جانب سے صوبہ میں تعلیم کے فروغ ، وویمن امپاورمنٹ ، یوتھ انگیجنٹ پالیسی کو نہ صرف قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے بلکہ اس ضمن میں ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے.
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر فیصل کریم کنڈی صوبہ بھر کی یونیورسٹیوں میں نوجوانوں کی بہبود کے لیئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی نگرانی کرینگے صوبہ میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی پالیسی کےتحت گرین یوتھ موومنٹ کلب بنائیں جائیں گے انہوں نے کہا کہ کے پی دانش سکولز کا دائرہ کار مرحلہ وار بڑھایا جائے گا ڈیرہ اسماعیل خان اور مالاکنڈ ڈویژن میں جلد ہی دانش سکولز قائم کیئے جائیں گے ، ملاقات میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ سعودی عرب میں ڈیڑھ لاکھ ہیلتھ ورکرز اور پانچ لاکھ باصلاحیت ڈرائیورز کی ڈیمانڈ پوری کرنے کے لیئے سعودی عرب کی شرائط پر پورا اترنے والی افرادی قوت تیار کرنے کے لیئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے.