اسلام آباد (آئی ایم ایم)چئیرمین این ایچ اے شہریار سلطان نے این ایچ اے روڈ نیٹ ورک پر شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق این ایچ اے نے رواں سال اسلام آباد ۔ پشاور موٹر وے(M-1) کیرج وے پر 46 ہزار سے سے زائد درخت اور جنگلی نباتات لگانے اور ان کی افزائش و نشوونما کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس منصوبے کا باقاعدہ آغاز چئیرمین این ایچ اے نے ٹھلیاں ائیرپورٹ کیرج وے پر پودا لگا کر کردیا ہے۔ اس موقع پر ان کے ساتھ ممبر ایڈمن این ایچ اے منصور اعظم ، ممبر ای سی نسیم خٹک اور دوسرے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چئیرمین شہریار سلطان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے مزید برآں پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں چنانچہ ماحول کو سر سبز بنانے ، درجہ حرارت میں کمی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کے لئے شجر کاری کرنے کی قومی ذمہ داری ادا کرنے میں این ایچ اے پیش پیش ہے۔
شجر کاری مہم کے منصوبے کو تین حصوں میں مکمل کیا جائے گا پہلے حصے میں اسلام آباد ۔پشاور موٹر وے (M-1) پر این آئی آئی اے گیٹ سےٹھلیاں انٹرچینج تک 23000پودے لگائے جائیں گے جن میں خوردنی زیتون، مقامی پھلدار و سایہ دار درخت اور جنگلاتی پودے شامل ہیں ۔منصوبے کے دوسرے حصے میں برہان اور برہما باہتر انٹرچینج کے گردا گرد روڈ نیٹ ورک پر بھی 23 ہزار پودے لگائے جائیں گے جبکہ منصوبے کے تیسے حصے میں مذکورہ موٹر وے پر اسلام آباد ٹول پلازہ سے برہما باہتر تک کے حصے کو شجر کاری کے ذریعے ماحول دوست، سر سبز اور حسین بنایا جائے گا ۔ واضح رہے کہ پاکستان میں رواں برس دس کروڑ سے زائد درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔