گوجرانوالہ(آئی ایم ایم)عالمی چادر اوڑھ تحریک کے امیر جا نشین چورہ شریف حافظ القاری پیر سید احمد مصطفین حیدر شاہ گیلانی مجددی چوراہی نے کہا ہے کہ عالمی چادر اوڑھ تحریک پاکستانی معاشرے میں حجاب کے کلچر فروغ دینے کے لئے مسلسل مصروف عمل ہے اب تک دنیا بھر میںلاکھوں خواتین میں چادریں تقسیم کی جا چکی ہیں ، وزیر اعظم تعلیمی اور سرکاری اداروں میں حجاب کے کلچر کو پروان چڑھانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے بزم الکبیر مبارک و چادر اوڑھ تحریک کے زیر اہتمام سیلیبریشن مارکی جی ٹی روڈ میں پروفیسر صوفی مبارک علی مجددی کے عرس مبارک و چادر اوڑھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرخلیفہ صوفی رضوان مبارک علی مجددی و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ حافظ القاری پیر سید احمد مصطفین حیدر شاہ گیلانی مجددی نے کہا کہ مغربی تہذیب و تمدن نے ہماری نوجوان نسل کی اخلاقیات کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ہے اور فحاشی و عریانی کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹی وی موبائل سے ہمارا معاشرہ گمراہی کی طرف جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی چادر اوڑھ تحریک کی بنیاد عالمی چادر اوڑھ تحریک کے بانی و سربراہ پیر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی مجددی سجادہ نشین چورہ شریف نے اس وقت رکھی تھی جب پاکستان کے فوجی ڈکٹیٹر جنرل پرویز مشرف نے نام نہاد روشن خیالی کا پرچار کرنا شروع کیا اور جب اس کے اس خیال پر قوم نے نکتہ چینی کی تو اس نے کہا کہ جو لوگ خواتین کو نکر پہنے ہوئے دیکھنے کیلئے تیار نہیں وہ اپنی آنکھوں پر پٹی باندھ لیں تو ہم نے اس خیال کا مقابلہ کرنے کیلئے اور مسلمان خواتین کو ملبوساتی عصمت و عفت کا تحفظ کرنے کیلئے بھی چادر اوڑھ تحریک کا آغاز کیا اور پردہ داری کیلئے مسلمان خواتین میں چادریں تقسیم کرنے کی روایت کو رواج دیا جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑی کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔
اب تک خواتین میں لاکھوں چادریں تقسیم کی جا چکی ہیں اور اس سلسلے کو جاری رکھنے کا پورا اہتمام کیا جا رہا ہے مگر اس مقصد کیلئے کسی سے کوئی چندہ طلب نہیں کیا جاتا بلکہ اپنے وسائل سے اس کام کو متواتر جاری رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔خلیفہ صوفی رضوان مبارک علی مجددی نے کہا کہ اولیا کرام کے مزارات رشدو ہدایت کے مراکز ہیں اولیا اللہ کی تعلیمات سے ہمیں امن و سلامتی اور محبت کا پیغام ملتا ہے۔ پیر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی مجددی سجادہ نشین چورہ شریف رحمتہ اللہ علیہ نے ساری زندگی اللہ اور اسکے رسولۖ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر گزاری اور تقوی اور پرہیز گاری درس دیا انہوں نے ساری زندگی عشق مصطفی کی شمع کو فروزاں کیا دین اسلام کی اشاعت اور فروغ کے لیے آپکی خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیں گی۔
اس موقع پر علماء مشائخ کے علاوہ شیخ حاجی محمدعاصم مجددی چوراہی ،طارق محمود مغل ،صاحبزادہ آصف معصومی،،بابا جی الیاس مجددی، حاجی محمد اکرم گورائیہ مجددی ، شیخ شہباز،علامہ شہباز ،عرفان جاوید مجددی،بہاوالدین مجددی،،شیخ عثمان مجددی،محمد حامد علی مجددی، محمد ابرار مجددی،محمد مقصود مجددی، شیخ حاجی عمران حق باہو سمیت ہزاروں مریدین نے شرکت کی۔ عرس مبارک کی تقریب سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر صوفی مبارک علی مجددی کی علمی روحانی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔آخر پر پیر سید احمد مصطفین حیدر شاہ گیلانی مجددی نے عالم اسلام کی سربلندی، پاکستان کی ترقی ،خوشحالی ،دفاع ،سلامتی ، مقبوضہ کشمیر،فلسطین کی جلد آزادی اور عالم اسلام کے مسلمانوں کی سربلندی سمیت بزرگان دین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔