اسلام آباد(آئی ایم ایم) وزارت مذہبی امور کی ایپکس کمیٹی نے قومی مقابلہ کتبِ سیرت، نعت و مقالاتِ سیرت کے نتائج کو حتمی شکل دے دی۔ سیرت نویسی میں نمایاں کام کرنے والوں کو ان نتائج کے مطابق پر اگلے ماہ 12 ربیع الاوّل کے موقع پر انعامات سے نوازا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کی زیر صدارت ماہرین تعلیم اور اسلامی سکالرز پر مشتمل ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج بروز پیر وزارتِ مذہبی امور میں منعقد ہوا۔ دیگر اراکین میں ڈاکٹر جمیلہ شوکت ، ڈاکٹر ریاض مجید، ڈاکٹر یوسف فاروقی، ڈاکٹر محمد باقر خان خاکوانی، ڈاکٹر محمد سجاد، ڈاکٹر اکرام الحق یٰسین ، ڈاکٹر محی الدین ہاشمی، ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن، ڈاکٹر منزہ بتول، ڈاکٹر عائشہ قراۃ العین شامل تھے۔ سالانہ قومی مقابلہ کتبِ سیرت ، نعت و مقالاتِ سیرت کے تحت موصول ہونے والی کتب اور مقالات کے ابتدائی نتائج ایپکس کمیٹی کے سامنے رکھے گئے۔
مقابلے میں شامل تمام کتب، مجلات اور مقالات کو ججز کمیٹی کی طرف سے دیے گئے نمبروں اور سفارشات کی جانچ پرکھ کے بعد ایپکس کمیٹی نے نتائج کو حتمی شکل دی۔ واضح رہے کہ نمایاں کیٹیگریز میں قومی زبان اُردو، علاقائی اور دیگر غیر ملکی زبانوں میں لکھی گئی کتب سیرت ، نعت اور مجلات کیلئے 169 کتب موصول ہوئیں ۔ نیز مقالہ نگاری کے لئے مختص موضوع ’’ریاست کا تعلیمی نظام ۔ سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں‘‘ پر مرد و خواتین مقابلہ نگاروں کی جانب سے117 مقابلے موصول ہوئے۔
اجلاس میں وزارت مذہبی امور کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر سید عطا ءالرحمن نے خصوصی طور پر شرکت کی اور اسلامی سکالرز کو وزارت کی معاونت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ کمیٹی اراکین نے معاشرے میں سیرت النبی ﷺ کی ترویج اور اس کی روشنی میں دورِ حاضر کے مسائل کے حل کے لیے وزارت کی کاوش کو سراہتے ہوئے اگلے سال مقالہ نویسی کے لیے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے موضوع منتخب کرنے کی تجویز دی۔