اسلام آباد(آئی ایم ایم) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار کم ہونے کی چار وجوہات ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ میں انٹرنیٹ کی بندش سے متعلق درخواست میں پی ٹی اے کے وکیل کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ زیرِ سمندر کیبل کٹ جانے سے انٹرنیٹ کی رفتار کم ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 31 جولائی کو ایک انٹرنیٹ کمپنی کی غلطی کی وجہ سے بھی انٹرنیٹ کی اسپیڈ کم ہوئی۔ پی ٹی اے کے وکیل کے مطابق 15 اگست کو بھارت کے یومِ آزادی پر سائبر حملہ ہوا جس سے بھی انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی آئی۔ وکیل کے جواب کے مطابق ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کے بے تحاشہ استعمال کی وجہ سے بھی انٹرنیٹ کی اسپیڈ متاثر ہوئی ہے۔
پاکستان میں گزشتہ کئی روز سے انٹرنیٹ کی رفتار سست اور سوشل میڈیا ایپس استعمال کرنے میں مشکلات کی شکایات آ رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فائر وال کی تنصیب کی وجہ سے انٹرنیٹ سست ہوا ہے۔ تاہم چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ کوئی نیا نظام نہیں آ رہا ہے بلکہ جو نظام پہلے سے موجود ہے اسے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور یہ ویب مینجمنٹ سسٹم ہے۔