اسلام آباد(آئی ایم ایم)این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے21تا24اگست کے دوران خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزیدبارشوں کی پیش گوئی کر دی۔بارشوں کی وجہ سے مقامی ندی نالوں میں بہاؤ میں اضافے کے ساتھ ساتھ دریائے کابل کے بہاؤ میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ بہاؤ میں اضافے کے باعث خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول ایبٹ آباد، پاراچنار، چارباغ، چارسدہ، چترال، دیر، ہری پور، ہزارہ، مالاکنڈ، مانسہرہ، مردان، پشاور اور صوابی میں سیلابی صورتحال متوقع ہے جبکہ پنجاب میں خطہ پوٹھوہار، جڑواں شہروں، بہاولپور، ڈی جی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، جہلم، لاہور، لیہ، میانوالی، ملتان، نارووال، رحیم یار خان، سیالکوٹ اور سرگودھا میں بارش اور مشرقی پنجاب میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں وہ سیلاب اورپہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ اثرات کو کم کرنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو الرٹ کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال پر فوری رسپانس کو یقینی4 بنانے کے لیے وسائل کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ عوام سے التماس ہے سیلابی صورتحال سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں علاوہ ازیں مسافراور سیاح حضرات لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر پہاڑی علاقوں کے سفر سے گریز کریں