اسلام آباد (آئی ایم ایم) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں پولیس پر ڈاکووَں کے حملے کی شدید مذمت اور واقعے میں 14 اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید اہلکار قوم کے بہادر سپوت تھے، ان کی قربانیاں رائیگان جانے نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران و جوانوں کی ادائیگیِ فرض کی خاطر قربانیاں لازوال ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ پنجاب پولیس کے 14 جوانوں کی شہادت کے ذمہ داران کو جلد قانون کے کٹہڑے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، اور جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا۔ انہوں نے واقعے کی تحقیقات کرانے اور زخمی اہلکاروں کے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔