گوجرانوالہ (آئی ایم ایم)گوجرانوالہ بزنس سینٹر کے پہلے انٹرنیشنل ڈسپلے سینٹر کا سائوتھ سوڈان میں تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے یہ ڈسپلے سینٹر گوجرانوالہ بزنس سینٹر اور سائوتھ سوڈان میں پاکستان کی اعزازی قونصلیٹ کی مشترکہ کاوش ہے جس کا نام “پاکستان پروڈکٹس ہائوس” رکھا گیا ہے۔ اس منصوبے کا آغاز آج سے چھ ماہ قبل اس وقت کیا گیا تھا جب سائوتھ سوڈان کے ایک اعلی سطحی وفد نے پاکستان کے اعزازی قونصل شاہد سجاد کی سربراہی میں جی،بی،سی کا دورہ کیا تھااس موقع پر چیئرمین جی،بی،سی احمد اکرام لون کا کہنا تھا کہ آج ہمارے لیے بے حد خوشی کا دن ہے کہ میڈ ان گوجرانوالہ انکلو ئیر کی طرز پر سائوتھ سوڈان میں ایک انٹرنیشنل ڈسپلے سینٹر کو قائم کر دیا گیا ہے ہم سائوتھ سوڈان میں پاکستان کے اعزازی قونصل شاہد سجاد کے شکر گزار ہیں جنھوں نے قلیل مدت میں اس پروجیکٹ کے تعمیراتی کام کو مکمل کروایا۔
پاکستان پروڈکٹس ہائوس کے ذریعے نہ صرف سائوتھ سوڈان کی منڈیوں تک رسائی حاصل کی جائے گی بلکہ افریقہ کے دیگر تجارتی مراکز تک بھی دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا۔ فیز 1 میں گوجرانوالہ کی 25 کمپنیز کی مصنوعات کو اس ڈسپلے سینٹر میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں پاکستان کے اعزازی قونصل جلد جی،بی،سی کا دورہ کریں گے جس میں ان کمپنیز کو شارٹ لِسٹ کیا جائے گا۔ میڈ اِن گوجرانوالہ مصنوعات کی سائوتھ سوڈان میں تشہیر کے لیے ایک مارکیٹنگ ٹیم بھی مقرر کی جائے گی تاکہ ڈسپلے میں موجود پاکستانی مصنوعات کی ایکسپورٹ کو بڑھایا جا سکے۔ یہ پاکستان کے کسی بھی صنعتی شہر کا پہلا انٹرنیشنل ڈسپلے سینٹر ہوگا جو گوجرانوالہ اور اس کی بزنس کمیونٹی کے لیے اعزاز کی بات ہے.
انہوں نے کہا کہ میں اس کے لیے جی،بی،سی کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جن کی انتھک محنت کی بدولت یہ کارہائے نمایاں سر انجام دیا گیا، اگلے دو ماہ تک گوجرانوالہ کی مصنوعات پاکستان پروڈکٹس ہائوس میں نمائش کے لیے پیش کر دی جائیں گی اور جلد جی،بی،سی کا ایک تجارتی وفد سائوتھ سوڈان کا دورہ کرے گا جس میں نہ صرف پاکستان پروڈکٹس ہائوس کا افتتاح کیا جائے گا بلکہ سائوتھ سوڈان کی لیڈرشپ اور نیشنل چیمبر کے عمائدین سے بھی ملاقاتیں کی جائیں گی، جی،بی،سی گوجرانوالہ کی بزنس کمیونٹی کی خدمت کے اپنے اس سفر کو جاری رکھے گا، سائوتھ سوڈان میں پاکستان پروڈکٹس ہائوس کو کامیابی سے لانچ کرنے کے بعد ہم سری لنکا میں اپنے دوسرے انٹرنیشنل ڈسپلے سینٹر پر کام کا آغاز کریں گے۔