اسلام آباد(آئی ایم ایم) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام سے بدھ کو چینی وفد نے کشمیر کونسل میں ملاقات کی۔وفد میں سی ای او بیورو آف جیولوجیکل سروے آف چائنا اور وانڈا گروپ لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے نمائندے شامل تھے- ملاقات کے دوران چینی وفد نے معدنی ذخائر کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اپنے کلمات میں وفاقی وزیر نے خطے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے انتہائی محفوظ اور پرامن خطہ ہے۔پاکستان اور چین کی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ معدنیات کی بڑے پیمانے پر موجودگی خطے کے معدنیات کے شعبے کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ منافع بخش بناتی ہے۔
چینی وفد نے گلگت بلتستان کے علاقے کے معدنیات کی نقشہ سازی اور سروے کے شعبے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے وفد سے کہا کہ وہ اپنی دلچسپی کی تجویز پیش کریں تو ان کی وزارت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔