اسلام آباد(آئی ایم ایم)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے آخری دم تک کوششیں جاری رکھیں گے، قوم شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری لاہور میں کیپٹن محمد علی قریشی شہید کے گھر گئے اور شہید کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ کیپٹن محمد علی قریشی گزشتہ دنوں بلوچستان میں شہید ہوئے تھے ۔ صدر مملکت نے کیپٹن محمد علی قریشی شہید کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی ۔
صدر مملکت نے کیپٹن محمد علی قریشی کی خدمات اور بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مُشکل کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں شہید کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت سے نوجوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہوئیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے آخری دم تک کوششیں جاری رکھیں گے۔ صدر مملکت نے شہید کیپٹن کے اہلِخانہ کے جذبہ حب الوطنی اور ایثار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قوم شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔ صدر نے کیپٹن محمد علی قریشی کیلئے بلندی درجات اور ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔