اسلام آباد(آئی ایم ایم)پاک فضائیہ نے ملک کی تمام ایئر بیسوں پر 7 ستمبر، کو یوم شہداء منایا۔ دن کا آغاز ایک پروقار تقریب سے ہوا، جس میں 1965 اور 1971 کے معارکوں کے دوران اور قیام پاکستان سے لے کر آج تک ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کے لیئے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی کا احتمام کیا گیا۔سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ یوم شہداء کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ کی قربانیوں، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی ایک قابل فخر تاریخ رقم ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ یوم شہداء، افواج پاکستان کی غیر معمولی بہادری، بے مثال پیشہ ورانہ مہارت اور جاں فشانی کے لازوال جذبے کا امین ہے۔
شہدائے پاک فضائیہ کی بہادری اور انکے شاندار کارناموں کو سراہتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ ہم انکے عظیم کارناموں پر ان کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے آنے والی نسلوں کے لیے قربانی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ اس موقع پر، ہم اپنے شاہینوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیئے جام شہادت نوش کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے کشمیری عوام اور حق خود ارادیت کے حصول کے لیئے جاری مقامی اور منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
اپنے اختتامی کلمات میں انہوں نے ہمہ وقت تغیر پذیر عالمی منظر نامے میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور پاک فضائیہ کی جانب سے سپیس، الیکٹرانک وارفیئر، سائبر، جدید ٹیکنالوجی اور مقامی دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بعد ازاں، سربراہ پاک فضائیہ نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔