گوجرانوالہ(آئی ایم ایم)ممتاز روحانی رہنما پیر عثمان افضل قادری نے کہا ہے کہ نبی کریم ۖ پوری انسانیت اور کل کائنات کے لئے رحمت بن کر تشریف لائے ۔اس لئے سرکار کی آمد کی خوشیاں ہر کوئی مناتا ہے اور ان خوشیوں کو منانے کا مقصد اللہ تعالی کی نعمت عظیم کا شکر ادا کرنا ہے اور یہ عزم کرنا ہے کہ ہم سرکار کریم ۖ کی تعلیمات پر عمل کرکے دنیا و آخرت میں سرخرو ہونگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مکی مسجد نیویارک میں میلاد النبی ۖ کے حوالے سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگلی نسلوں کی صحیح تربیت ہمارا فریضہ ہے۔ اس معاشرے میں پیدا ہونے اور پلنے بڑھنے والے ہمارے بچے جب تک اپنی تہذیب اور اپنے دین سے صحیح طور پر متعارف نہیں ہوں گے تب تک ان کی تربیت مکمل نہیں ہو گی اور وہ معصومانہ انداز سے ہی سہی مگر لادینیت اور گمراہی کاشکار ہو سکتے ہیں۔
ہم اور ہماری آنیوالی نسلوں کو دنیا و آخرت عشق الہی میں ڈوب کر سنوارنی ہو گی، انہوں نے کہا رسول اللہ ۖ کی تعلیمات انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں۔ رحم اللعالمین کو اللہ کریم نے اسوہ حسنہ اور رول ماڈل بنایا ہے۔ آپ تمام جہانوں کے لیے رحمت ہیں۔تقریب کے آخر میں رحمت اللعالمین کی بارگاہ میں درودو سلام بھیجا گیا۔ امتِ مسلمہ کی ترقی و خوشحالی اور کامیابی کے لیے دعا بھی مانگی گئی۔