اسلام آباد(عامر رفیق بٹ)ایتھوپیا کے سال نو کے موقع پر ایتھوپیا کے سفارتخانے اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام.اسلام آبادچیمبرمیں ایک ثقافتی تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان میں متعین غیر ملکی سفیروں، ڈین ڈپلومیٹک کور عطاء جان مولاموف، ایڈیشنل سیکریٹری حامد اصغر خان، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری، پاکستان افریقہ ایسوسی ایشن کے چئرمین ظفر بختاوری اور تاجر برادری کے علاوہ صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز پاکستان اور ایتھوپیا کے قومی ترانوں کی دھنوں سے ہوا۔ اس موقع پر ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبد اللہ نے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں
سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان سفارتی تعلقات اور فضائی روابط میں اضافہ سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا اور عوامی روابط کو تقویت ملے گی۔ اس موقع پر ایتھوپیا کے سفیر نے وفاقی وزراء کو ایتھوپیا کے روایتی تحائف بھی پیش کئے۔ تقریب میں ایتھوپیا کے ثقافتی شو کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔