اسلام آباد (آئی ایم ایم)بدھ کو نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز نمل میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان عاصم مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر نے تقریب کی صدارت کی۔ سیمینار میں پرو ریکٹرز، ڈینز، ڈائریکٹرز، شعبہ جات کے سربراہان اور طلباء کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔مہمان خصوصی ڈاکٹر حبیب الرحمان نے سیرتِ النبی (ص)کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ سیرت پر عمل ہی امت کی کامیابی کی کنجی ہے۔ ان کا خیال تھا کہ صرف سیرت کو زبان سے بیان کرنا کافی نہیں ہے ہمیں اس پر عمل کرنا چاہیے اور اپنے عمل سے دنیا کو بتانا چاہیے کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہیں۔
آخر میں ڈی جی نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور سیرت کے کچھ پہلوؤں کو اپنی زندگی میں اپنانے کے لیے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ لازمی عبادات کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کو بھی اپنانا چاہیے جنہوں نے زندگی کے ہر پہلو کا درس دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں سیرت سے سیکھنا چاہیے کہ آس پاس کے لوگوں کے ساتھ کیسا برتاؤ کرنا ہے۔ ڈی جی نمل نے معزز مہمان کو شیلڈ پیش کی۔