اسلام آباد(آئی ایم ایم)اینٹی نارکوٹکس فورس نے جنوبی پنجاب میں اہم کاروائی کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ایک بڑے نیٹ ورک کو ختم کر دیا ہے جو سوشل میڈیا اور ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے تعلیمی اداروں کے طلباء کو نشانہ بنا رہا تھا۔ یہ نیٹ ورک، دو بھائی چلاتے تھے، جو طلباء کو پارٹی ڈرگز کی بڑے پیمانے پر اسمگلنگ میں ملوث تھے۔
اے این ایف ٹیم نے انٹیلی جنس اطلاع کے ذریعے انہیں گرفتار کر کے 1,500 ایکسٹیسی گولیاں، 1.5 کلو گرام میتھم فیٹامائن (آئس) اور 2 کلو گرام چرس بھی ضبط کر لی۔ منشیات اسمگلروں نے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کے لیے سوشل میڈیا اور ای کامرس پلیٹ فارمز کا سہارا لیا، جس سے نوجوانوں تک رسائی اور ان کو منشیات کا عادی بنانا آسان تھا۔ ان آن لائن نیٹ ورک کے ذریعے ملزمان نے منشیات کی فروخت کو فروغ دیا اور سہولت فراہم کی اور شناخت سے بچنے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا استعمال کیا۔ ملزمان نے ملتان کے مختلف گھروں اور ہوٹلوں میں منشیات سے چلنے والی (RAVE) پارٹیوں کا بھی اہتمام کیا، خاص طور پر ہاسٹل کے طلباء کو نشانہ بنایا۔
یہ آپریشن تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے ANF کے عزم کو اجاگر کرتا ہے، جس کے ذریعے نوجوانوں اور معاشرے کو سنگین نتائج سے بچایا۔ یہ کریک ڈاؤن منشیات اسمگلنگ کرنے والے گروہوں کے خلاف اے این ایف کی جاری مہم کا حصہ ہے جو تعلیمی اداروں میں غیر قانونی منشیات کی فروخت میں ملوث ہیں اور اسکا مقصد منشیات اسمگلنگ میں ملوث طلباء اور ایسے منظم گرہوں کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔