اسلام آباد (آئی ایم ایم)پاکستانی عوام بوسنیا کی جد و جہد آزادی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بوسنیا یورپ کے اندر اسلام اور مسلمانوں کی نمائندگی کرتا ھے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی نے اپنے دورہ بوسنیا کے موقع پر سراجیوو میں کیا۔ سراجیوو میں انہوں نے بوسنیا کے سابق صدر اور بوسنیا کی سب بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ با قر عزت بیگو وچ اور بوسنیا کے رئیس العلماء ڈاکٹر حسین کا وازوچ سے ملاقاتیں کیں۔ باقر عزت بیگو وچ بوسنیا کی جنگ آزادی کے ھیرو اور ملک کے پہلے صدر علی عزت بیگو وچ کے صاحبزادے ہیں۔ ڈاکٹر حسینی کا وازوچ بلقان کے مسلمانوں کی مساجد اور دینی امور کے سربراہ ہیں جن کی زیر ادات بلقان اور دیگر ممالک میں تقریباً آٹھ ہزار مساجد ہیں۔
باقر عزت بیگووچ نے کہا کہ بوسنیا کے مسلمان جنگ آزادی میں پاکستان کی مدد کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں – رئیس العلماء نے پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے حال ہی میں انہیں ستارہ امتیاز کا اعزاز دیا۔آصف لقمان قاضی نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے میں جماعت اسلامی پاکستان اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک سے بزنس کمیونٹی، طلباء اور سکالرز کے وفود کا تبادلہ کیا جائے گا اور تعلقات کو عوامی سطح پر استوار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے جنگ آزادی میں بوسنیا کا ساتھ دیا تھا۔ ان تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔