اسلام آباد(آئی ایم ایم)اے این ایف نے تعلیمی اداروں کو منشیات فراہم کرنے والے بڑے ڈرگ مینوفیکچرنگ یونٹ کو بے نقاب کر دیا.منشیات اسمگلنگ کرنے والی تنظیموں (DTOs) کے خلاف ایک اہم کاروائی میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے دانش آباد، پشاور کے ایک گنجان آباد علاقے میں کام کرنے والی کیمیائی منشیات بنانے والی فیکٹری سے منشیات و دیگر آلات قبضے میں لے کر فیکٹری سیل کر دی جبکہ دو ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔ یہ فیکٹری ایک خطرناک کیمیائی منشیات کے ٹیبلٹس کی تیاری اور اسمگلنگ میں ملوث ہے جو یونیورسٹیوں کے نوجوانوں اور طلباء کو نشانہ بناتی تھی۔
کاروائی کے دوران اے این ایف نے دو ملزمان کو گرفتار کیا، جنہیں سائٹ پر نشہ آور گولیاں تیار کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا، اور 1425 نشہ آور گولیاں، 2.5 کلوگرام نشہ آور گولیاں بنانے والا پاؤڈر، 120 گرام میتھمفیٹامائن (آئس)، 35 گرام آئسوٹونیٹازین اور 13 گرام نیمٹازپم بھی برآمد۔
احاطے کی مکمل تلاشی میں ایک ٹیبلٹ پنچنگ مشین سمیت مختلف آلات جیسے کہ پنچ، ڈرائر، مکسرز اور سکیلز ضبط کر لیے گئے۔ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ منشیات اسمگلر منشیات کی تیاری اور تقسیم کے لیے جدید ترین آلات کا استعمال تیزی سے کررہے ہیں، جو معاشرے خصوصاً طلبہ کے لیے سنگین خطرہ ہیں، ان کی زندگیوں اور کیریئر کو تباہ کررہے ہیں۔ یہ کاروائی منشیات اسمگلروں اور سپلائی کرنے والوں کو عندیہ بھی دیتی ہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس منشیات کی غیر قانونی کاروبار کو ختم کرنے اور نوجوانوں اور معاشرے کو منشیات کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے پرعزم ہے۔