اسلام آباد(آئی ایم ایم) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں “نوجوان امن کے سفیر ” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں ماہرین نے امن کو فروغ دینے اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے میں نوجوانوں کے اہم کردار پر زور دیا۔ بدھ کے روز جامعہ کے خواتین کیمپس میں یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے تعاون سے منعقد ہونے والے اس سیمی نار میں ماہرین کو مدعو کیا گیاتاکہ امن کی تعمیر میں نوجوان نسل کو بااختیار بنانے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
سیمینار کے مہمان خصوصی، جامعہ کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں میں تعمیری سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ نوجوانوں میں مثبت رویوں کی سمجھ بوجھ کو پروان چڑھانا چاہیے اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے اجتماعی کاوش ضروری ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو امن کے قیام کے لیے بااختیار بنانا ملک کے مستقبل لیے اشد ضروری ہے ۔ انہوں نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ تحقیقی اور عملی امن سازی کی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوان ذہنوں کو تعلیم دینے میں اہم کردار ادا کریں۔
نیکٹا کی سینئر تجزیہ کار زونی اشفاق نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خطرات سے بچانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اتحاد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ زونی اشفاق نے انتہا پسندی سے ہونے والے نقصانات کے اعدادوشمار سے بھی شرکا کو آگاہ کیا۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ متشدد رویوں کی علامات اور اسباب کو پہچانیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مزید دہشت گردی کے تباہ کن اثرات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ذونی اشفاق نے مضمون نگاری، فلم سازی، اینی میشن اور امن کے فروغ کے ے لیے دیگر تخلیقی مقابلوں کے ذریعے طلبا کی حوصلہ افزائی بابت نیکٹا کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔
جامعہ کے شعبہ نفسیات کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر نازیہ اقبال نے سیمینار میں طلباء کی فعال شمولیت کو سراہتے ہوئے امن کی تعمیر کے نفسیاتی پہلوؤں پر گفتگو کی۔ انہوں نے نوجوان نسل کو ایسی سرگرمیوں میں شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا جو نہ صرف بیداری پیدا کرتی ہیں بلکہ قیام امن میں فعال شمولیت کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔ سیمینار میں نیکٹا کے تجزیہ کاروں محمد حسین رضوی، ردا طارق، جویریہ عباسی، اور نایاب بتول نے بھی شرکت کی۔